سندھ: چندے اور عطیات کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2016 05:37pm

کراچی :صوبائی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں چندے اورعطیات جمع کرنے والے اداروں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کر لیاگیا۔کھالیں جمع کرنے والوں کا بھی آڈٹ کیا جائے گا۔

اپیکس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر اب تک کئے گئے فیصلوں پرعملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں اب تک نیشنل ایکشن پلان کے گیارہ نکات پرعملدرآمد کیاجاسکاہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں آٹھ ہزار آٹھ سو پچپن مدارس کو رجسٹرکرلیاگیا جبکہ مزید ایک ہزارایک سو اٹھترمدارس رجسٹریشن کے مراحل میں ہیں۔

اجلاس کوبتایا گیا کہ سندھ نے اب تک فوجی عدالتوں میں ایک سو پانچ کیسز بھیجے ہیں جن میں سے انسٹھ مقدمات کی وزارت داخلہ نے منظوری دی ہے۔وزیراعلی سندھ نے فارنزک لیب کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لیب کیلئے جگہ کا تعین آئی جی سندھ اور ہوم ڈیپاٹمنٹ مل کرکریں ۔

اجلاس میں وفاق کے سامنےغیرقانونی تارکیں وطن کا معاملہ اٹھانےاورشکار پور واقعے پربلوچستان حکومت سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں کھالیں جمع کرنے والے اداروں کے آڈٹ اورچندے اور دیگر عطیات جمع کرنے والے اداروں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے سندھ اسمبلی سے قانون پاس کرانے کا بھی فیصلہ کیاگیا ۔

Read Comments