کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے مستقل ارکان سے رابطہ

شائع 19 ستمبر 2016 02:25pm

اسلام آباد:پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر یواین سکیورٹی کونسل کے پانچوں مستقل رکن ممالک سے رابطہ کرلیا ، وزیراعظم نوازشریف کا دنیا سے کہنا ہے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر خطے میں مستقل کشیدگی اور عالمی امن کیلئے خدشات کا باعث ہے۔

پرائم منسٹر آفس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل  کے مستقل رکن ممالک امریکا، چین ، برطانیہ، روس اور فرانس کو خط لکھے ہیں، اس میں وزیراعظم نے عالمی قیادت کی توجہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب دلائی ہے۔

وزیراعظم نے خط میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔سکیورٹی کونسل کے مستقل ارکان کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

 اپنے خط میں انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو استصواب کے ذریعے حق رائے دہی دیا جائے، وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کا حل نکالا جائے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا تصفیہ طلب مسئلہ ہے۔

 نواز شریف نے خط میں مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا خطے،عالمی امن پر منفی اثر پڑیگا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج  کی خون ریزی بند کرانے کیلیے بھارت پر دباو ڈالا جائے۔ تنازعہ کے پرامن حل کیلئے پاکستان اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کو مکمل تیار ہے۔

Read Comments