چیئرمین پی ٹی آئی کو پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 7 کا دورہ مہنگا پڑگیا

شائع 24 ستمبر 2016 09:33am

لاہور:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 7 کا دورہ مہنگا پڑگیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے29 ستمبر کو تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 7میں ضمنی انتخاب26 ستمبر کو ہوگا، جس کیلئے انتخابی مہم کاآج آخری روز ہے ، تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی کےباوجود ہفتہ کو ٹیکسلا کا دورہ کیا اور جلسے سے خطاب کیا۔

 الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے عمران خان کو شوکازنوٹس جاری کردیا ہے ،ریٹرننگ افسر علی عبداللہ کی جانب سے جاری شوکاز میں کہا گیا ہے کہ وارننگ کے باوجود ممبر قومی اسمبلی عمران خان کی جانب سے کیا جانے والا  حلقہ کا دورہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔

واضح رہے کہ اپنے دورے کے حوالے سے عمران خان 29ستمبر صبح گیارہ بجے تحریری وضاحت ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش کریں۔

Read Comments