را بے گناہوں کا خون بہارہی ہے، راحیل شریف

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2016 04:18pm

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کے چیلنجز کی آڑ میں را بے گناہوں کا خون بہانے میں بالواسطہ طور پر ملوث ہے جبکہ بھارتی پالیسیوں خطے میں تصادم کی فضا اور بداعتمادی کا سبب ہیں۔

عالمی سیاست کے افق پر مسئلہ کشمیر ایک بار پھر چھایا ہوا ہے،اب پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل کا بھی تنازعہ کشمیر پر بیان سامنے آیا ہے،جنرل راحیل شریف امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچے۔کانفرنس کی میزبانی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل بوٹل نے کی۔

پاکستان،افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کے فوجی سربراہان بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔اس موقعے پر آرمی چیف نے اپنے خطاب میں خطے کے مسائل کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی مغربی سرحدوں پر انتظام کاری کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں۔

راحیل شریف کا کہنا تھا کہ "را" جیسی دشمن ایجنیساں ان چیلنجز کی آڑ میں سازشیں کر رہی ہیں اور "را" کی بالواسطہ حکمت عملی کی وجہ سے بے گناہوں کا خون بہہ رہا ہے۔

جنرل راحیل شریف نے واضح کیا کہ بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے تیار نہیں اوربھارتی پالیسی خطے میں تصادم اور بداعتمادی کو ہوا دے رہی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے متاثرہ ملک ہے اور پاکستان نے موثر کوششوں سے ملک میں دہشت گردی کو روکا گیا اور آپریشن ضرب عضب میں بلا امتیاز کارروائی کی گئی۔

آرمی چیف نے افغانستان  اور دیگر ممالک کو دیرپا تعاون کی پیشکش بھی کی۔کانفرنس کے شرکا نے کثیرالجہتی فوجی تعاون کو فروغ دینے اور دہشت گردی کی لعنت سے ملکر نمٹنے پر اتفاق کیا۔

Read Comments