بھارتی وزیراعظم کے بیانات امن اورجنگ کا اظہار قرار

شائع 26 ستمبر 2016 04:21pm

چکری:وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ضرروی نہیں دشمن صرف حملہ کرے وہ کوئی بھی روپ اختیار کرسکتا ہے جبکہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات سے ظاہر ہوگیا خطے میں کون جنگ اور کون امن چاہتا ہے۔

چکری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ پچھلے چند دنوں کے واقعات کے حوالے سے چند مثبت پہلو سامنے آئیں ہیں، قوم اور تمام سیاسی قیادت دشمن کے خلاف متحد ہے لیکن اس کا اظہار صرف بیانات سے نہیں بلکہ عمل سے کرکے دکھانا ہوگا اور حکومت و اپوزیشن کو اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو مثبت پیغام جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دشمن کے خفیہ وار کے لیے چوکس رہنا ہوگا، ضروری نہیں کہ دشمن گولہ باری ہی کرے وہ چھپ کربھی وار کرسکتا ہے، اس کا حملہ کسی بھی شکل میں ہوسکتا ہے لہٰذا ہمیں گلی کوچوں میں بھی دہشت گردی روکنے کے لیے چوکنا رہنا ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے عالمی برادری سے نریندر مودی کے بیانات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے جس طرح کی زبان استعمال کی میں نے آج تک کسی ملک کے سربراہ کو اس طرح کی زبان استعمال کرتے نہیں دیکھا جبکہ مودی کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کون اس خطے میں جنگ اور کون امن چاہتا ہے۔

پاکستان پر پانی کی بندش سے متعلق سوال پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ یہ کام اتنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ دنیا کے بھی کچھ قانون اور ضابطے ہیں اور بھارت کی تو بہت ساری خواہشات ہیں لیکن ضروری نہیں وہ جیسا چاہیں ویسا ہی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے جبکہ ہمیں ہمسایہ ملک کی دھمکیوں سے بھی دنیا کو آگاہ کرنا چاہیے۔

Read Comments