قومی اسمبلی:پاکستان مخالف بھارتی اقدامات کیخلاف قرارداد منظور

شائع 27 ستمبر 2016 10:21am

اسلام آباد:قومی اسمبلی نے حالیہ پاکستان مخالف بھارتی اقدامات کیخلاف قرارداد منظور کرتے ہوئے کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے کو کھلا جھوٹ قرار دیا ہے۔

حکومت کاکہناہےکہ سندھ طاس معاہدہ کا ضامن ورلڈبنک ہے، بھارت یہ معاہدہ یکطرفہ ختم نہیں کرسکتا۔

بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا کے خلاف قومی اسمبلی میں سیدنویدقمر کی قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی۔

 اس کے مطابق، دنیا کشمیر کو متنازعہ مانتی ہے،مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ کہنا یواین قراردادوں کی نفی ہے، بھارت بلوچستان کا نام لینے کی بجائے کشمیر پر بات کرے، بھارت اچھا ہمسایہ بنے اور مسائل مذاکرات سے حل کرے،سندھ طاس معاہدے پر دھمکیاں مسائل کا حل نہیں۔

ایوان میں مشیرخارجہ سرتاج عزیر نے خطاب میں کہاکہ پاکستان اور بھارت، سندھ طاس معاہدہ پرعمل در آمد کے پابند ہیں، عالمی بنک اس کا ضامن ہے، یہ معاہدہ ملکی معیشت کیلئے بہت اہم ہے ۔

 اس سے پہلے اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کو نیویارک جانے سے قبل اپوزیشن  کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا۔

حالیہ صورتحال پر پیرکو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور کھل کربحث کی جائے۔

Read Comments