پاکستانی اداکاروں کی بے دخلی ،سیف علی خان بھی بول پڑے
ممبئی:مقبوضہ کشمیر میں قائم اڑی کیمپ پر چند مسلح افراد کے حملے میں18 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارت میں موجود پاکستانی فنکاروں کیلئے جینا دشوار ہو چکا ہے۔ اس حملے کے بعد بھارتی قوم پرست سیاسی جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس)کے رکن امے کھوپکر نے پاکستانی اداکاروں کو 48 گھنٹوں کے اندر بھارت چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔ بھارت میں جہاں اس قسم کے انتہا پسند لوگ موجود ہیں ،وہیں کچھ روشن خیال لوگ بھی موجود ہیں جنہوں نے امے کھوپکر کے بیان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو باہر نکال کر ہمارا ہی نقصان ہوگا۔ بولی وڈ میں چھوٹے نواب کےنام سے مشہور معروف اداکار سیف علی خان بھی چپ نہ رہ سکے اور پاکستانی اداکاروں کی حمایت میں بول پڑے۔ سیف کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری بہت بڑی ہے اور یہاں کام کرنے کا حق ہر کسی کو ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں آکر کسے کام کر نا چاہئے اور کسے نہیں اس کا فیصلہ حکومت کرے تو بہتر ہے۔ واضح رہے کہ سیف علی خان پاکستان مخالف فلم' فینٹم' کی ریلیز کے بعد سخت تنقید کی زد میں تھے،اس کے علاوہ وہ پاکستان کے بارے میں کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریز کرتے تھے۔لیکن اس بار وہ بھی خاموش نہ رہ سکے اور پاکستانی اداکاروں کی حمایت میں بول پڑے۔ یہ بھی پڑھیئے: پاکستانی اداکاروں کی حمایت میں بھارتی فنکار میدان میں یہ بھی پڑھیئے: پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکی بشکریہ:ٹائمز آف انڈیا