Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کہتے ہیں کہ ہماری نوجوان نسل خوشحال اورمحفوظ پاکستان کی ضامن ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل ہیڈکوارٹرزمیں آرمی پبلک اسکول اورکالج سسٹمز کے تحت ثانوی اوراعلیٰ ثانوی امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزازمیں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔
اِس موقع پرآرمی چیف جنرل راحیل شریف نے طلباء وطالبات کے والدین اوراساتذہ کوبہترین نتائج کے حصول پر مبارکباد پیش کی ۔
آرمی چیف نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول اورکالج نظام نے ملک بھرمیں 183 بہترین ادارے فراہم کیے جو ہرطبقے سے تعلق رکھنے والے 2لاکھ طالب علموں کومعیاری تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں ۔
سپہ سالارنے کہا کہ ہماری نوجوان نسل بہترین صلاحیتوں کی حامل اور مستقبل کے روشن، خوشحال اور محفوظ پاکستان کے حقیقی ضامن ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ یہ بات شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ پاکستان کی نئی نسل انتھک محنت، خلوص نیت اور جوش و ولولے سے ملک کو حقیقی بلندیوں تک لےجائے گی۔
جنرل راحیل شریف نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو طالبعلموں کی کردار سازی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہوگی تاکہ اُنہیں مستقبل کی بہترین شخصیت میں ڈھالا جا سکے۔
اِس موقع پر آرمی چیف نے امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طالبعلموں میں انعامات تقسیم کئے۔