ممبئی:بولی وڈفلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ تنشٹھا چیٹر جی بھارتی ٹی وی کے شو کامیڈی نائٹ بچاؤ میں اپنے سانولے رنگ کے حوالے سے اڑائے جانے والے مذاق پر شدید برہم ہو گئیں اور شو کے درمیان سے اٹھ کر چلی گئیں۔
ذرائع کے مطابق 35 سالہ تنشٹھا چیٹرجی شو میں اپنی فلم 'پارچڈ' کی پروموشن کے سلسلے میں ہدایت کارہ لینا یادو اور اداکارہ رادھیکا آپٹے کے ساتھ پہنچی تھیں۔
شو کے دوران دونوں میزبانوں(کرشنا ابھشیک اور بھارتی سنگھ) کی جانب سے ان کے سانولے رنگ کو مذاق کا نشانہ بنایا جانے لگا،جس پر تنشٹھا شو کے درمیان سے ہی اٹھ کر چلی گئیں۔ بعد ازاں انھوں نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے اس بات پر احتجاج کیا۔
انھوں نے فیس بک پر لکھا کہ شو کے نصف حصے تک ان کے رنگ کو لے کر مذاق اڑایا جاتا رہا، وہ اس دوران انتظار کرتی رہیں کہ موضوع شاید بدلے، لیکن جب ایسا نہیں ہوا تو وہ شو سے نکل گئیں۔
انھوں نے اپنی پوسٹ میں تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ، ایک بار مجھ سے پوچھا گیا، آپ تو برہمن ہیں، کیا آپ کی ماں بھی برہمن تھیں؟ اس کے بعد مجھے بالواسطہ طور پر اشارہ دیا گیا کہ پھر بھی میرا رنگ سانولا کیوں ہے؟'
یہ تفریق ہماری سوچ میں گہرائی تک بیٹھی ہوئی ہے، ذات پات اور رنگ کی وجہ سے تعصب کیا جاتا ہے۔ اعلیٰ ذات کا مطلب صاف رنگ، جبکہ نچلی ذات کا مطلب سانولا یا کالا رنگ ہے اور انہیں اچھوت تصور کیا جاتا ہے‘
ان پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد چینل انتظامیہ نے تنشٹھا سے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ شو کے قابل اعتراض حصے کو نشر نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کلرز ٹی وی پر آنے والے ’کامیڈی نائٹس بچاؤ‘ نامی پروگرام کو مزاحیہ اداکار کرشنا اور بھارتی سنگھ پیش کرتے ہیں۔
بشکریہ:بی بی سی اردو