ایل او سی پر کشیدگی، وزیراعظم نواز شریف متحرک،تین اہم اجلاس طلب

شائع 29 ستمبر 2016 04:32pm

 

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے ایل او سی پر کشیدگی کے بعد وفاقی کابینہ ، قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا لیا ہے۔ اجلاسوں میں دشمن کو دوٹوک اور واضح پیغام دیا جائے گا۔

بھارت کی جانب سے جارحیت کے بعد وزیراعظم نواز شریف متحرک ہو گئے ۔وزیراعظم ہاؤس کے مطابق مشیر برائے قومی سلامتی امور ناصرجنجوعہ نے نواز شریف کو موجودہ صورتحال پر جامع رپورٹ پیش کی۔

 وزیرداخلہ چوہدری نثار اور دیگر رہنماؤں نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی ،ملاقات میں ملکی سیکیورٹی کے امور اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کوئی بیرونی طاقت اس قابل نہیں کہ ہماری ملکی سلامتی اور خودمختاری کو چینلج کر سکے،تنازعہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نا مکمل ایجنڈا ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کشمیریوں کی حمایت سے نہیں روک سکتی۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین فورس ہے اور پوری قوم بہادر افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کنڑول لائن کی کشیدہ صورتحال پر تین اہم اجلاس طلب کر لئے گئے ہیں۔ جن میں وفاقی کابینہ کل بیٹھک لگائے گی، قومی سلامتی کمیٹی آئندہ ہفتے منگل کو اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو ہوگا۔

جس میں دشمن کو دو ٹوک پیغام دیا جائے گا۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزرائے اعلیٰ کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

Read Comments