شائع 30 ستمبر 2016 08:45am

پاکستان میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی

لاہور: مقبوضہ کشمیر میں قائم اڑی کیمپ میں چند مسلح افراد کے ہاتھوں 18 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پاک بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہوگئے ،جس کا اثر پاکستان فنکاروں پر بھی پڑا۔

بھارتی سیاسی جماعت ایم این ایس(مہاراشٹرا نو نرمن سنہا) نے بھارت میں موجود پاکستانی فنکاروں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی۔جبکہ بھارت نے پاکستانی فنکاروں کے اپنے ملک میں کام کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

بھارت کی ہٹ دھرمی کے جواب میں پاکستان نے  ستمبر اور اکتوبر میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں کی نمائش روک دی ہے۔

بھارتی کر کٹر مہیندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر مبنی فلم 'ایم ایس دھونی،ان کہی کہانی'پاکستان میں آج (30 ستمبر)کوریلیز ہونی تھی لیکن حالات کی کشیدگی کے باعث فلم کی نمائش روک دی گئی ہے۔

مانڈوی والا اینٹرٹینمنٹ کے بانی ندیم مانڈوی والاکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب تک حالات معمول پر نہیں آجاتے بھارتی فلموں کی نمائش ملتوی کردی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں موجود ایٹریم سینما میں جمعہ کے روز(آج) کوئی بھی بھارتی فلم نہیں پیش کی جائے گی۔

سُپر سینما کے سربراہ خرم گلتساب کا بھی  کہناتھاکہ ہم سرکاری اعلامیہ کا انتظار کئے بغیر بھارتی فلموں کی ریلیز اپنے سینما میں بند کر چکے ہیں۔

ندیم مانڈوی والا کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ بھارتی فلموں کی نمائش روکنا ہمارا اپنا فیصلہ ہے،گورنمنٹ کانہیں،ہمیں اس وقت تک انتظار کرنا چاہئے جب تک تمام لوگ ایک ساتھ نہ کھڑےہو جائیں۔

یہ بھی پڑھیئے:  انڈیا کا پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

Read Comments