Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:پاکستان کی وفاقی کابینہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بیان بازی کو جاری سازشوں کا نیا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ دہلی کے عزائم نے خطے کی سلامتی داؤ پر لگادی ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے واضح کیاہےکہ 'امن کی خواہش کمزوری نہ سمجھی جائے'،جارحیت ہوئی تو تحفظ وطن میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیکریٹری خارجہ نے بریفنگ بھی دی ۔ کابینہ نے سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰ مسترد کیا اور پاک فوج کے جرات مندانہ جوابی اقدام کو سراہا۔
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال اور 110 بے گناہوں کی شہادت پر گہری تشویش کرتے ہوئے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کابینہ نے کشمیر جائزہ مشن کیلئے یواین انسانی حقوق کمیشن کے فیصلےکو سراہا، اڑی حملہ کے بعد بھارتی قیادت کی بےبنیاد الزام تراشی اور دھمکی آمیز رویے کی مذمت کی اور کہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی کے حالیہ بیانات پاکستان میں بھارتی سازشوں کا نیا ثبوت ہیں۔
وزیراعظم نے غربت کے خاتمے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ہم اس کیلئے امن چاہتے ہیں تاہم بھارتی عزائم نے امن اور سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
وزیراعظم نےمزیدکہاکہ دفاع وطن میں تمام قوم، فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کنٹرول لائن کی خلاف ورزی یا جارحیت ہوئی تو تمام ضروری اقدام کریں گے۔
کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل اور ناقابل نظرانداز ایجنڈا ہے، انہوں نے کابینہ کو بتایاکہ اڑی حملہ کا ذمہ دار پاکستان نہیں، بغیرابتدائی تحقیقات کے چند گھنٹوں میں نتیجہ اخذ کرلینا دانش مندی نہیں۔