کراچی میں 3 مبینہ پولیس مقابلہ،5 ملزمان ہلاک

اپ ڈیٹ 02 جنوری 2016 06:41am

کراچی :کراچی میں نئے سال کی آمد کے ساتھ پولیس اور رینجرز نے کارروائیاں تیزکردیں،تین مبینہ پولیس مقابلوں میں پانچ ملزمان کو ہلاک کردیا،جبکہ مختلف علاقوں سے پانچ مشتبہ افراد سمیت گیارہ ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔

نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی میں رینجرز اور پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کردیا۔

ایس ایس پی سٹی فدا حسین جاں وری کے مطابق پولیس مقابلے مواچھ گوٹھ اور ڈاکس کے علاقوں میں ہوئے، جس کے دوران لیاری گینگ وار عزیر بلوچ اور شیراز کامریڈ گروپ کے چار کارندے ہلاک ہوئے۔

ہلاک ملزمان ٹارگٹ کلنگ اغوا برائے تاوان بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے ،ہلاک ملزمان کی شناخت ملا نوید،جہانزیب،شہریار اور جہانگیر کے ناموں سے ہوئی۔

دوسری جانب تیسرا پولیس مقابلہ ڈیفنس کے علاقے گذری میں ہوا جہاں عوام سے لوٹ مار کرنے والا اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم ہلاک ہوا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور شہریوں سے چھینا ہوا سامان برآمد ہوا۔

ادھر رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

جبکہ گارڈن اور جوہر موڑ سے پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور بھتہ خوری میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برامد کرلیا۔

Read Comments