Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے بھارتی فلموں پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے دائر ایک درخواست ميں وفاقی حکومت اور سينسر بورڈ سے جواب طلب کر ليا۔
جسٹس شاہد کريم نے پیر کو درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکيل نے عدالت کو بتايا کہ پاکستان ميں غير قانونی طريقے سے بھارتی فلموں کی نمائش کا سلسلہ جاری ہے۔
وکیل کے مطابق، مقبوضہ کشمير ميں بھارتی فوج نے مظالم کی انتہا کر دی ہے اور ان فلموں کی نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی کشميری مسلمانوں کیخلاف استعمال ہو رہی ہے۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ بھارت نے جنگ کی نيت سے فوج بارڈر پر منتقل کر دی ہے لہذا عدالت مقبوضہ کشمير کے مستقل تصفيحے تک بھارتی فلموں کی ملک بھر ميں نمائش پر پابندی عائد کرنے کا حکم صادر کرے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت،وزارت ثقافت اور سينسر بورڈ کو 25 اکتوبر کيلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔