نیپال کا سارک کانفرنس کے اجلاس کی باضابطہ معطلی کا اعلان

شائع 03 اکتوبر 2016 09:39am

اسلام آباد:سارک ممالک کے سربراہ ملک نیپال نے پاکستان میں منعقد ہونے والے اجلاس کی باضابطہ معطلی کا اعلان کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات سارک کانفرنس کیلئے موزوں نہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے اڑی  سیکٹرمیں18 ستمبر کو ہونے والے حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کیخلاف سفارتی مہم تیز کردی،اسی مہم کے تحت بھارت نے پاکستان میں ہونے والی19ویں سارک  سربراہی کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا بھارت کی پیروی کرتے ہوئے بنگلہ دیش،افغانستان، نیپال اوربھوٹان نے بھی شرکت سے معذرت کرلی۔

حالیہ صورتحال کے تناظر میں سارک تنظیم  کے صدرملک نیپال کی وزارت خارجہ کی  جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہےکہ موجودہ حالات جنوبی ایشیائی ممالک کی سارک سربراہ کانفرنس کیلئے موزوں نہیں ۔ بیان میں مقبوضہ کشمیر کے اڑی سیکٹر حملے کی بھی پرزورمذمت کی گئی۔

دوسری جانب سارک کےرکن ممالک بھارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں شریک ہوں گے، خلیج بنگال کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں بھارت، مالدیپ اورافغانستان شرکت کریں گے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت میں  سارک مائنس ون اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا جس میں واحد ملک پاکستان شریک نہیں ہوسکے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان،بنگلہ دیش،بھوٹان،بھارت،نیپال، مالدیپ اور سری لنکا سارک کے رکن ممالک ہیں،سارک سربراہی کانفرنس کا 19 واں اجلاس15 اور 16 نومبر کو پاکستان میں منعقد ہونا تھا۔

Read Comments