نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا فیصلہ

شائع 04 اکتوبر 2016 10:21am

اسلام آباد:سول اور فوجی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی، اہداف اور عملدرآمد کا ٹائم فریم بھی متعین ہوگا۔

وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس میں مشیرقومی سلامتی ناصرجنجوعہ نےبریفنگ دی اوراس کی راہ میں درپیش موجودہ چیلنجزسے آگاہ کیا ۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  نیشنل ایکشن پلان پروفاقی اورصوبائی سطح پراجتماعی کوششیں ضروری ہیں،ایکشن پلان پرعمل درآمد میں صوبوں کا کرداراہم ہے۔ ایکشن پلان پرجہاں غیراطمینان بخش کام ہوا، اسے دورکرنا ہوگا، ایکشن پلان کے اہداف اور ان کے حصول کے ٹائم فریم طے کئے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم کے سیکرٹری نے نظام قانون اور انصاف میں مجوزہ اصلاحات پربریفنگ دی ۔

 انہوں نے بتایا کہ اصلاحات پرقومی اتفاق رائے ضروری ہے ، اجلاس میں صوبائی وزرائے اعلی نے بھی اپنی رپورٹس پیش کرتے ہوئے صوبائی کمیٹیاں قائم کرنے کی تجویزدی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ  وفاق صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے اوربھرپورتعاون جاری رکھا جائے گا ۔

Read Comments