پاکستان میں انڈین چینلز اور مواد برابری کی بنیاد پر چلیں گے،پیمرا
اسلام آباد:پاکستان ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) کا بھارتی نشریات کے حوالے سے اسلام آباد میں 119 واں اجلاس سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سیکر یٹری انفارمیشن صباء محسن،چیئرمین ایف بی آر ناصر محمد خان،محترمہ شاہین حبیب اللہ(ممبر خیبر پختونخواہ)،محترمہ نرگس ناصر(ممبر پنجاب)،جناب سرفراز خان جتوئی(ممبر سندھ) نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں بھارتی مواد نشر کرنے کی اتنی ہی اجازت دی جائے جتنی کہ بھارتی حکومت پاکستانی مواد کو دے گی۔
اس سلسلے میں ایک سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی گئی ہےجس میں واضح سفارشات دی گئی ہیں کہ پاکستا ن میں بھارتی چینلز اور مواد کی نشریات کو انڈیا کی اجازت سے مشروط کیا جائے۔
اتھارٹی کی سفارشات وفاقی حکومت کو فیصلے کیلئے بھجوادی گئی ہیں،کیونکہ انڈین مواد کو پاکستان میں نشر کرنے کی سہولت اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز کے ذریعے دلوائی گئی تھی اور اب وفاق ہی اس کو منسوخ کرسکتی ہے۔
اس پالیسی کی منسوخی تک ٹی وی چینل ،ایف ایم ریڈیو اور کیبل آپریٹرز طے شدہ پالیسی کے تحت 6 فیصد انڈین مواد دکھانے کے پابند ہوں گے،واضح رہے کہ 15 اکتوبر 2016 کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔
پاکستان میں انڈین ٹی وی چینلزاورمواد برابری کےحقوق کی بنیاد پرچلیں گے. پیمرا اتھارٹی 119واں اجلاس میں فیصلہ. سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی pic.twitter.com/gmFQdlXGk1
— Report PEMRA (@reportpemra) October 3, 2016