ممبئی:بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان ان دنوں ایک نئے تناز عے کا شکار ہوگئے ہیں،اور وجہ ہے ان کا پیارا گھر 'منت'،جس پر مشکلات کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے گھر (منت) کے باہر تقریباً گزشتہ کافی عرصہ قبل غیر قانونی تجاوزات قائم کی تھیں،جس کیخلاف بھارت میں قائم غیر ملکی این جی او واچ ڈاگ فاؤنڈیشن نے ایف آئی آر درج کروائی تھی۔
اسی فاؤنڈیشن نے ایک بار پھر کنگ خان کیخلاف شکایت درج کروائی ہے،ان کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی تجاوزات کوسٹرل ریگولیشن زون کے اصولوں کی خلاف ورزی کررہی ہے،لہٰذا مہاراشٹرا حکومت خان کے بنگلے کو اپنی تحویل میں لے لے۔
واچ ڈاگ فاؤنڈیشن کے رکن نکولس المیڈا کا کہنا ہے کہ ہم اس کیس کیخلاف 2013 سے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں،کنگ خان کی جانب سے تعمیر کی گئی غیر قانونی تجاوزات ہمارے فرض کی ادائیگی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 ماہ قبل ان تجاوزات کیخلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر کے نتیجے میں بی ایم سی آفس نے شاہ رخ خان پر زور دیا تھا کہ وہ ان تجاوزات کو ہٹائیں ،اس کے علاوہ انہوں نے 1.93 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کیا تھا۔
المیڈا نے شاہ رخ خان کے گھرکے بارے میں ایک بہت ہی اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ جس بنگلے کو آج ساری دنیا منت کے نام سے جانتی ہے،اس کا اصل نام 'ولاوینا' ہے،انہوں نے اپنی بات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی ورثے میں شمار ہونے والی کسی بھی تعمیرات کا نام تبدیل کرنا غیر قانونی ہے جبکہ شاہ رخ خان نے اپنے گھر کے ساتھ یہ عمل کیاہے۔
واضح رہے کہ اس خبر کے حوالے سے فی الحال شاہ رخ خان کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
بشکریہ:بولی وڈ ٹیبلوئڈ ڈاٹ کام