کشمیرآتش فشاں کی طرح سلگ رہا ہے، نواز شریف

شائع 05 اکتوبر 2016 03:09pm

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حمایت کاعہد ہمیشہ نبھاتے رہیں گے تاہم کشمیر آتش فشاں کی طرح سلگ رہا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کے جذبات کو کچلا نہیں جاسکتا،کشمیری سردھڑ کی بازی لگا کر تحریک آزادی چلارہےہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ کشمیریوں کو نابینا کرنے سے تحریک کونہیں روکا جاسکتا،مقبوضہ کشمیر آتش فشاں کی طرح سلگ رہاہے، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا،اب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی حقیقت واضح ہوچکی ہے۔

نواز شریف  نے اجلاس میں جنرل اسمبلی سے خطاب کا حوالہ دیا اور کہاکہ  حکومت نے دنیا کوکشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور عالمی برادری کوبتایا تھا کہ مسئلہ کشمیرکاحل ضروری ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے کاامن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے، کشمیریوں پرمظالم کے ثبوت دنیاکے سامنے رکھ دیے ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت نے مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر الزام لگایا،اڑی واقعے کا الزام صرف چھ گھنٹے میں پاکستان پر لگایاگیا جبکہ پاکستان نے اڑی واقعے کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

نوازشریف نے مزید کہاکہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے دو فوجی جوان شہید ہوئے،عالمی برادری کوبتادیاتھا کہ آئندہ سخت جواب دیا جائیگا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے کوئی اختلاف نہیں،ہم سب ایک ہیں، پاکستان جنگ کے خلاف اور خطے میں امن چاہتا ہے،تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرناچاہتے ہیں۔

Read Comments