سپریم کورٹ:مارگلہ ہلز پردرختوں کی غیر قانونی کٹائی پر وفاق کو نوٹس

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2016 08:23am

اسلام آباد:سپریم کورٹ نےمارگلہ ہلز پردرختوں کی غیر قانونی کٹائی پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا۔

آئندہ سماعت پر عدالتی فیصلے پر عمل در آمد سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ کا عدالت جائز ہ لے گی۔

سپریم کورٹ نے غیر قانونی سٹون کریشنگ اور درختوں کی کٹائی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

  ڈائیریکٹر جنرل ماحولیات خیبر پختونخوا کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عمل در آمد پر رپورٹ پیش کی گئی ۔

جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ کیا چیف سیکرٹری کے پی کے بیان علیحدہ دے سکتے ہیں کہ صوبے میں کوئی سٹون کریشنگ نہیں ہو رہی ۔

انہوں نے کہا کہ  عدالت کا حکم تو موجود  ہے دیکھتے ہیں کہ عمل در آمد ہوا ہے یا نہیں ،   کیا فائدہ کہ عوامی مفاد کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد ہی نہ ہو ۔

 ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے  نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں تمام غیر قانونی سٹون کریشنگ ختم کر دی گئی ہے۔

جس پر جسٹس ثاقب نثار نےریمارکس دئے کہ کیا سٹون کریشنگ پلانٹس پر حفاظتی اقدامات کو دیکھا بھی جاتا ہے یا نہیں ۔

 ڈی جی ماحولیات کے پی کے نے عدالت کو  بتایا کہ سٹون کریشنگ پلانٹس پر چھاپے مار کر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جاتا ہے ، محکمہ ماحولیات کے پاس سٹاف بہت کم ہے۔

 جس پر عدالت نےدرختوں کی غیر قانونی کٹائی پر  وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19  اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Read Comments