عوام کوحکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نہیں کہا،چیف جسٹس

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2016 10:25am

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ عوام کوحکومت کےخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نہیں کہا بلکہ ووٹ کے صحیح استعمال کا کہا تھا۔

 چیف جسٹس انورظہیرجمالی نے گزشتہ روزکی سماعت اورجمہوریت سے متعلق ریمارکس کی وضاحت کرتےہوئے کہاکہ کل عدالتی کارروائی پر غیرذمہ دارانہ رپورٹنگ ہوئی۔

 ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہرگزعوام کو حکومت کےخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نہیں کہا تھا بلکہ یہ کہا تھا کہ عوام ہی ان لوگوں کومنتخب کرتے ہیں اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔

چیف جسٹس میڈیا سے شکوہ کرتےہوئے کہاکہ عدالت میں بیٹھ میں کرغیرذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرسکتے ،میڈیا سنسنی پھیلانے کی بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ۔

 انہوں نے کہا کہ ایک اخبارمیں غلط رپورٹنگ کی گئی جسے دیکھ کرافسوس ہوا ، سماعت کے دوران کیس کے دونوں فریقین کی جانب سے تین تین ماہرین کی رپورٹ جمع کروائی گئی ۔

سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق پنجاب حکومت کی اپیلوں پرسماعت ہوئی ۔

 عدالت نے فریقین کو ماہرین کے نام کا تبادلہ کرنے کیلئے کہا ، عدالت نے منصوبے کی رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے 2رکنی کمیشن تشکیل دیتے ہوئے ایک ماہ میں جائزہ رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا ۔

 سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

Read Comments