کورکمانڈرز کانفرنس، سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ اور ڈان اخبار کی خبر مسترد

شائع 14 اکتوبر 2016 01:53pm

راولپنڈی :پاک فوج نے متفقہ طور پر بھارتی سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے اور ڈان اخبار کی خبر کو مسترد کردیا۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں اختتام پذیر ہو گئی۔

کانفرنس میں ملکی داخلی و خارجی صورتحال، انسداد دہشت گردی آپریشنز، بھارتی اشتعال انگیزیوں اور دیگر اُمور پر تفصیلی  غور کیا گیا۔ کور کمانڈرز نے قومی سلامتی سے متعلق من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہار کیا اورمتفقہ طور پر قرار دیا کہ جھوٹی خبرچلوانا قومی سلامتی کی خلاف ورزی ہے۔

 کورکمانڈرز نے سرجیکل سٹرائیک سے متعلق بھارتی افواہیں مسترد کرتے ہوئے اِسے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی مضموم کوشش قرار دیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ کسی بھی قسم کی غیرذمہ دارانہ مہم جوئی کا انتہائی موثر جواب دیا جائے گا، اِس موقعے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات کا کسی بھی قیمت پرمقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

کانفرنس میں آرمی چیف نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک استحکام، ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور اِس عزم کا اظہار کیا کہ انٹیلی جنس بنیادوں پرآپریشنز جاری رہیں گے، دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

Read Comments