شائع 17 اکتوبر 2016 05:55am

معروف بھارتی ہدایت کار کا مودی سے معافی کا مطالبہ

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل'کی ریلیزپر ایگزیبیشن ایسوسی ایشن آف انڈیا  اور سینما مالکان کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کیخلاف بھارتی انڈسٹری کے دوسرے ہدایت کار کرن جوہر کی حمایت میں بول پڑے ہیں۔

جن میں معروف ہدایت کار انوراگ کیشپ بھی شامل ہیں ،انوراگ نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے ان سے پاکستان جاکر نواز شریف سے کی جانے والی ملاقات پر معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

انوراگ نے مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ 25 دسمبر کو کئے جانے والے دورے پر ہمارے ٹیکسوں کا پیسہ لگا ہوا ہے۔

ہم فلم  کی شوٹنگ کرتے ہیں  اور اس شوٹنگ کا ٹیکس ادا کرتے ہیں ،حکومتی نمائندے ہماری جانب سے دئیے جانے والے ٹیکسوں سے دوسرے ممالک کا دورہ کرتے ہیں ،جس وقت مودی پاکستان کا دورہ کررہے تھے ،اسی وقت کرن جوہر' اے دل ہے مشکل' کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

انہوں نے مزید ٹویٹس کرتے ہوئے کہا کہ میں حالات کو سمجھنے کی کوشش کررہا ہوں ،کیونکہ میری سمجھ اتنی زیادہ نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا آپ(مودی) اس سارے معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ہمارے مسائل حل کرنے کے طریقے سے کچھ سیکھنا چاہئے کیونکہ ہمارے تمام مسائل کا حل فلموں پرپابندی لگانا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ کرن جوہر کی فلم (اے دل ہے مشکل)میں پاکستانی اداکار فواد خان کی موجودگی کے باعث بھارت کی 4 ریاستوں میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بشکریہ:انڈین ایکسپریس

Read Comments