اسلام آباد کی مرکزی گزرگاہ بند کرانا پہلی ترجیح ہے، عمران خان

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2016 04:42pm

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنے کو نومبر میں  ہی نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں، شہرکی مرکزی گزرگاہ بند کرانا پہلی ترجیح ہے، عوام پر مشکلات آئیں گی ۔

اسلام آباد میں عمران خان نے میڈیا کو بریفنگ میں روایتی بیان بازی کے ساتھ کچھ مبہم کچھ واضح پیش بندی  بتائی اور کہا کہ  احتجاج کا آغاز دو نومبر بروز بدھ کی دوپہر سے ہوگا، اسلام آباد کی مصروف ترین گزرگاہ ایکسپریس وے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ چار کلومیٹر تک بند کرائیں گے، شہر کے باسی چاہیں یا نہ چاہیں تکالیف تو برداشت کرنا پڑیں گے۔

پی ٹی آئی چیف کا کہنا تھا کہ  احتجاج کو دسمبر سے پہلے ہی انجام تک پہنچائیں گے، مہم نتیجہ خیز بنی تو آئندہ کوئی دھرنا دیں گے نہ ہی جلسہ کریں گے ، صحافی نے سوال کیاکہ رائیونڈ جلسہ میں اسلام آباد جاکر شہادتیں دینے کا دعوی بھی ہوا تھا تو عمران خان نے جواب دیاکہ ہم آخری حد تک جائیں گے، لیکن یہ نہیں بتایاکہ وہ حد کیا ہے۔

 احتجاج کو پرامن طور پر شروع کرنے کا عزم لیے ہوئے کپتان نے حکومت کو تنبیہہ کیا اور کہا کہ  کریک ڈاؤن، گرفتاریاں ہوئیں یا ڈنڈے مارے تو پھر ردعمل سخت ترین ہوگا، پوری حکومت کا ہی تختہ الٹ دیا جائے گا۔

Read Comments