شائع 18 اکتوبر 2016 10:48am

سلمان خان کی بھابھی نے بھارتی سینما مالکان کے 14 طبق روشن کردئے

ممبئی:بولی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی مشہور زمانہ فلم 'ہم آپ کے ہیں کون'میں دبنگ خان کی بھابھی کا کردار نبھا کر شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ رینوکا ساہانے نے بھارتی سینما مالکان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرن جوہر کی فلم  کی نمائش روکنا صحیح نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ 'اے دل ہے مشکل'میں پاکستانی اداکار فواد خان کی موجودگی  کے باعث فلم کی ریلیز پر پابندی بھارتی سینما مالکان کا انتہائی غلط فیصلہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ پاک بھارت آپس میں مختلف طرح کے بزنس اور تجارت کرتے ہیں لیکن ہم بھارتی غصہ صرف فلموں پر نکالتے ہیں۔

کل جب حکومت یہ کہے گی کہ نہ صرف آرٹسٹ  بلکہ پاکستانی کھلاڑیوں اور مصنفوں پر بھی بھارت میں داخلہ  بند ہے،میں اس وقت بھی  ان کیلئے کھڑی ہوں گی،لیکن آج صرف اداکاروں پر ہی کیوں پابندی لگا ئی جارہی ہے؟

ایک فلم جس میں 300 بھارتی اور ایک پاکستانی  اداکار کام کررہا  تھا ،وہ اب واپس چلا گیا ہے اور اس کا کافی عرصے تک واپس آنے کا کوئی امکان بھی نہیں ہے،لہٰذا ہم صرف اس وجہ سے کہ فلم میں وہ شخص موجود ہے فلم پر پابندی لگا دیں کیا یہ صحیح ہے؟

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دن پہلے بھارتی سینما مالکان نے معروف ہدایت کار کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل'کی ریلیز پر 4 ریاستوں(مہا راشٹرا،گجرات،کرناٹکا،گووا) میں پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کی وجہ پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم میں موجودگی کو قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ اے دل ہے مشکل  میں فواد خان کے علاوہ رنبیر کپور،ایشوریا رائے اور انوشکا شرما  مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے،فلم رواں ماہ 28 اکتوبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

بشکریہ:ہندوستان ٹائمز

Read Comments