شائع 19 اکتوبر 2016 05:33am

چائے والے نے ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھ دیا

اسلام آباد:انٹرنیٹ کی دنیا میں دھوم مچاکر راتوں رات شہرت حاصل کرنے والے پُرکشش 'چائے والے'کی قسمت کھل گئی،گزشتہ روز منگل کو چائے والے(ارشد خان)کو ایک آن لائن شاپنگ ویب سائٹ نے ماڈلنگ کی آفر کی جو انہوں نے قبول کرلی اور کنٹریکٹ سائن کرلیا۔

ویب سائٹ نے اعلان کیا ہے کہ ارشد خان جسے دنیا 'چائے والے'کے نام سےجانتی ہے،اب ہمارے لئے ماڈلنگ کریں گے۔

'واضح رہے کہ آن لائن شاپنگ ویب سائٹ نے ارشد خان کی مزید تصاویر جاری کی ہیں جس میں وہ ماڈلنگ کرتے نظر آرہے ہیں ،ان تصاویر کے ساتھ کمپنی کا یہ پیغام درج تھا 'اب چائے والا چائے والانہیں رہا بلکہ اب وہ فیشن وال بن چکا ہے۔

خیال رہے کہ نیلی آنکھوں والے اس پُرکشش ترین چائے والے کی تصویر فوٹوگرافر جویریا علی نےاسلام آباد کے اتوا ر بازار میں کھینچی تھی ،اور اسے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شئیر کیا تھا۔

جہاں سے یہ تصویر وائرل ہوئی اور چائے والا ٹویٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ،اس تصویر کولاکھوں لوگوں نے دیکھا  اور دیکھتے ہی  پاکستانی اور بھارتی اداکاروں سے زیادہ پُرکشش قرار دے دیا۔

چائے والے کی دھوم پاکستان سے نکل کر بھارت تک جا پہنچی جہاں ارشد خان کو بھارتی لڑکیوں پر پاکستانی سرجیکل اسٹرائیک  حملہ قرار دیا جانے لگا۔

Read Comments