وزیراعلیٰ پنجاب کی کرپشن کی تحقیقات سپریم کورٹ سے کرانے کی پیشکش

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2016 10:21am

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کرپشن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فل بینچ سے تحقیقات کرانے کی پیشکش کردی۔

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر منتخب ہونے کے بعد پارٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف  نے سپریم کورٹ سے التجا کی کہ کرپشن کے الزامات کی فل کورٹ تحقیق کرے،اگرایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو وہ ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں اور سی پیک کے مخالف کھل کر سامنے آ گئے ہیں، قرضے معاف کروانے والے اور قبضہ گروپوں کے سرپرست ذاتی مفاد کی سیاست کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ  سی پیک اور ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنیوالوں کی پالیسی ''بغل میں چھری اور منہ پر رام رام'' ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ نے دوست ملک چین کے خلاف بیان دے کر اپنی پالیسی واضح کر دی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ سال ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ہر طرف روشنی ہی روشنی ہو گی،نوجوان برسر روزگار ہوں گے، ملکی معیشت آگے بڑھ رہی ہوگی۔

Read Comments