وزیر اعظم کاڈگڈگی کا اشارہ غیر سیاسی لوگوں کی طرف ہے،خورشید شاہ

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2016 10:47am

اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کہتے ہیں کہ احتجاج جمہوری حق مگر بزورطاقت شہر کو بند کرنا جرم ہے،وزیر اعظم کا ڈگڈگی کا اشارہ غیر سیاسی لوگوں کی طرف ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں خورشید شاہ نے کہاکہ احتجاج کے نام پر کسی علاقے کو سیل کرنا جمہوی حق نہیں مجرمانہ فعل ہے، اس طرح کے عمل سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔

خورشیدشاہ نے کہاکہ تحریک انصاف نے سولو فلائٹ لی ہوئی ہے دیکھتے ہیں نتائج کیا ہوں گے۔

 پیپلز پارٹی تو پہلے ہی کہہ رہی ہےکہ عمران خان کے احتجاج نے وزیراعظم کو مضبوط کیا، پاناما پیپرپر27 دسمبرتک فیصلہ نہ ہوا تو اپوزیشن لانگ مارچ کرے گی،حکومت کو نئے آرمی چیف کے تقرر میں سنیارٹی کو ترجیح دینا چاہیئے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہناتھاکہ وزیر اعظم اپنے ملک سے ہی بے خبر ہیں، آلو کی 70 اور 80 روپے کی قیمت کو 25 روپے بتا رہے ہیں۔

وزیراعظم یا ان کی اہلیہ آلو ٹماٹر لینے نہیں جاتے، دیکھنا چاہیئے کہ قومی سلامتی کی باتیں کیسے باہر نکلیں، اس کا کون سویلین ذمہ دار تھا۔

Read Comments