کراچی : متحدہ لندن کو یادگارِ شہداء پر حاضری کی اجازت نہ ملی

شائع 20 اکتوبر 2016 03:22pm

کراچی :متحدہ قومی موومنٹ لندن  کی عبوری رابطہ کمیٹی کو کراچی میں یادگار شہداء جانے سے روک دیا گیا۔

آج نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی عبوری رابطہ کمیٹی کے نئے ارکان عزیزآباد میں یادگار شہداء پر حاضری دینے کیلئے جیسے ہی پہنچے ، فوری طور پر رینجرز اور پولیس کی نفری وہاں پر پہنچ گئی اور متحدہ لندن کے رہنماوں کو یادگارشہداء جانے سے روک دیا۔

 تاہم فریقین کے درمیان مذاکرات کے بعد خواتین اور بوڑھوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔اس دوران ایم کیو ایم کے سربمہر دفتر سے بھی چوکیاں ہٹادی گئیں جبکہ میڈیا کو بھی واقعے کو کوور کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور نمائندوں کو لیاقت علی خان چوک پر روک لیا گیا۔

واضح رہے ہے کہ بارہ اکتوبر بروز جمعے کو ایم کیو ایم کی جانب سے بارہ رکنی عبوری کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا گیا تھا اور ندیم نصرت کو کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا تھا۔ عبوری رابطہ کمیٹی کے ارکان میں ندیم حسن، واسع جلیل، مصطفی عزیزآبادی، پرفیسر حسن ظفر سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

بعدازاں متحدہ لندن کے پاکستان گروپ کی جانب سے پہلی پریس کانفرنس پندرہ اکتوبر کو کراچی میں منعقد کی گئی تھی، جس میں رہنماوں نے زور دیا تھا کہ صرف ایک ہی ایم کیو ایم ہے اور اسکو متحدہ لندن نہ کہا جائے۔

Read Comments