شائع 20 اکتوبر 2016 05:46pm

پاکستانی فنکاروں پر پابندی نہیں، بھارت

ممبئی:بھارت نے پاکستانی آرٹسٹوں  پر پابندی لگانے کی تردید کردی۔ پہلے بھارتی پروڈیوسرز کی تنظیم آئی ایم پی پی اے کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

بعدازاں ان خبروں کو مزید تقویت ملی تھی کہ بھارتی حکومت نے اپنے ملک میں پاکستانی آرٹسٹوں کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، تاہم اب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے تردید کی ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستانی فنکاروں پر کسی بھی قسم کے کام کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

بھارت میں پہلے ہی پاکستانی فنکاروں کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلمیں تنازعات کا شکار ہوگئی ہیں اور ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں آواز اٹھانے والے اداکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور حال ہی میں معروف بھارتی ہدایت اور فلمساز کرن جوہر کو نہ صرف تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے بلکہ ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے ان کی رہائش گاہ کے باہر بھی احتجاج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکومت اورپروڈیوسرز کی جانب سے پاکستانی فنکاروں سے متعصبانہ رویئے کے بعد پاکستان میں بھی پیمرا نے بھارتی مواد چینلز پر دکھانے پر پابندی عائد کردی ہے اور اس حوالے سے 'بلینکٹ بین' عائد کیا گیا ہے جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کیبل آپریٹر کیخلاف کریک ڈاون بھی کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ فواد خان نے کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل' جبکہ ڈرامے 'ہمسفر' سے کامیابی کا زینہ چڑھنے والی فنکارہ ماہرہ خان نے کنگ خان کے مقابل فلم 'رئیس' میں مرکزی کردار نبھایا ہے۔

Read Comments