وزیراعظم پاناما کیس کا سامنا کرنے کو تیار ہیں،احسن اقبال

شائع 22 اکتوبر 2016 07:43am

لاہور:وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاناما کیس کا سامنا کرنے کو تیار ہیں،احتجاج، ڈنڈے اور گولی سے تبدیلی کی روائیت ختم ہو چکی۔اب جو اچھا کرے گا وہی عوام کی طاقت سے آئے گا۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں لیپ ٹاپ ا سکیم کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں وزیراعظم خود کو  احتساب کیلئے پیش کرچکے ہیں۔

اداروں پر یقین ہے تو اب اسلام آباد بند کرنے کا کوئی جواز نہیں۔آپ کے پاس ثبوت ہیں،تو عدالت میں پیش کریں۔محض الزام کی بنیاد پر کسی کو مجرم نہیں کہا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی عدالت نے مقدمہ سنا نہیں لیکن عمران خان نے فیصلہ سنادیا ہے۔دونومبر کو اسلام آباد نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی سیاست بند ہو جائے گی۔

وقافی وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر عمران خان سے کوئی اختلاف نہیں،عمران خان مسلم لیگ ن کے خیر خواہ ہیں۔وہ جہاں تقریریں کرتے ہیں،وہیں سے جیت شیر کی ہی ہوتی ہے۔

احسن اقبال کا مزیدکہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی صرف بیلٹ کے ذریعے ہی آسکتی ہے۔جو بھی ملک میں اچھا کرے گا،عوام بیلٹ کے ذریعے اسی کا انتخاب کریں گے۔

Read Comments