بھارتی فلم رئیس میں جلوہ گر ہونیوالی اداکارہ ماہرہ خان نے اڑی حملے سے متعلق طنزیہ سوال پر اپنی بھارتی مداح کو لاجواب کردیا۔
ماہرہ خان نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کیمپ پر حملے اور وہاں جانوں کے ضیاع پر اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر جبران ناصر نامی انسانی حقوق کیلئے کام کرنیوالے ایک نوجوان لیڈر کی ٹوئیٹ شیئر کی تھی جس میں کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کی گئی تھی۔
جس کے بعد ایک بھارتی مداح نے ٹوئٹر پر ماہرہ خان سے سوال اٹھایا " بھارتی شہری بھی کوئٹہ حملے پر آپ کی طرح انتہائی غمگین ہیں تاہم آپ نے اس طرز کے جذبات کا اظہار اڑی حملے پر کیوں نہیں کیا؟
ٹوئیٹ میں ردعمل کے طور پر ماہرہ خان نے دہشت گردی کا شکار ہونیوالی ہر انسانی زندگی پر افسوس کا اظہار کیا تاہم ماہرہ کا کہنا تھا کہ اس کو کسی مخصوص قومیت سے منسلک نہ کیا جائے۔
ماہرہ نے مزید کہا ' آج دنیا میں خون بہہ رہا اور آپ مجھ پر ٹرالنگ کررہی ہیں۔ آپکو چاہیئے کہ اپنی آواز کسی اہم کاز کیلئے اٹھائیں'۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان پہلے ہی اڑی حملے کی مذمت کرچکی ہیں جبکہ ان کی فلم رئیس پہلے ہی بھارتی انتہاپسندوں کی جانب سے دھمکیوں کے باعث تنازعات کا شکار ہوچکی ہے۔