Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مخاطب کیے بغیر کہا ہے کہ وہ روز تلاشی کی باتیں کرتے ہیں تاہم اس صورت میں آف شور کمپنیاں اور زکوۃ سمیت بہت کچھ منظرعام پر آئیگا جبکہ دوائیاں کھانے کی وجہ سے پی ٹی آئی سربراہ کا ذہنی توازن صحیح نہیں رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جلسے سے کون روک سکتا ہے، چینی صدر نے آنا تھا لیکن پی ٹی آئی نے دھرنا دے دیا۔
سعد رفیق نے دوبارہ باالواسطہ طور پر عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک صاحب صرف فاسٹ باولنگ جانتے ہیں تاہم انہیں انتشار کی سیاست کے سوا کچھ نہیں آتا۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی خواتین کی عزت نہیں کرتا۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ تبدیلی کیلئے وقت اور ووٹ درکار ہے تاہم مانتے ہیں کہ بعض لوگوں کو اقتدار میں آنے کی جلدی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ دو جماعتوں نے ایک دوسرے کی حکومت گرا کر سبق سیکھا۔
انہوں نے عمران خان پر بجلی کے منصوبوں کے تاخیر کا شکار ہونے کی ذمے داری بھی عائد کی اور کہا کہ یہ روز تلاشی کی باتیں کرتے ہیں تاہم تلاشی ہوگی تو آف شور کمپنیاں ، زکوۃ سمیت دیگر چیزیں بھی منظرعام پرآئیں گی۔