Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:پاکستان نے ورکنگ باؤنڈری پر سویلین آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارت کو سفارتی احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے واپس بھیجے جانے والا بھارتی سفارتکار سرجیت سنگھ ، ملکی سلامتی کے خلاف کام کر رہا تھا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے میڈیا کو بریفنگ میں کہاکہ کہ گرفتاربھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق ڈوزئیر مناسب وقت آنے پر متعلقہ فورمز کو دیا جائے گا۔
دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دینا اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے واقعات پاکستان میں بھارتی مداخلت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے ہیں۔
دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ ٹریک ریکارڈ رہا ہے کہ پاکستان سے کشیدگی کو مقامی سیاست میں استعمال کرتے ہیں،ورکنگ باؤنڈری پر پاکستانی سویلین آبادی کو بھارتی فائرنگ سے نشانہ بنانے پر نائب بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے ۔
نفیس زکریا نے کہا کہ حقانی گروپ کے متعدد رہنما افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں میں مارے گئے ہیں، یہ حملے واضح کرتے ہیں کہ یہ گروپ کہاں موجود ہے، سراج الدین حقانی کی ہلاکت کے حوالے سے رپورٹس کی تصدیق ابھی نہیں کی جا سکتی۔