عمران خان کا سیاسی مستقبل جلد ختم ہوجائیگا، نواز

شائع 29 اکتوبر 2016 02:40pm

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ کسی سے گھبرانے والے نہیں،چند دنوں میں عمران خان کا سیاسی مستقبل ختم ہوجائے گا۔مسلم لیگ ن کی حکومت آئندہ پانچ سال بھی پورے کرے گی۔

قصور کی تحصیل پھولنگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دوہزار تیرہ میں عوام نے جنہیں مسترد کردیا تھا وہ آج اسکا بدلہ عوام سے لینا چاہتے ہیں۔سیاسی مخالفین ملکی ترقی روکنا چاہتے ہیں،عمران خان کا مستقبل آئندہ چند روز میں ختم ہوجائے گا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ انکے مخالفین نے ایک آمر کے ریفرنڈم کی حمایت کی تھی اور ہم نے آمریت کے دور میں جیلیں کاٹی ہیں۔وہ کسی سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔

وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ پھولنگر کے لوگوں نے ان سے کبھی بے وفائی نہیں کی۔انہوں نے پھول نگر کےلئے پچاس کروڑ روپے لاگت سےگیس کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے ٹیکنیکل کالج کے قیام اور آبپاشی کے منصوبے کےلئے تیس کروڑ روپے فنڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔نواز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دوہزار اٹھارہ تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔

Read Comments