Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور:پاکستان تحریک انصاف نے دو نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے حوالے سے عوامی آگہی مہم شروع کردی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پمفلٹس تقسیم کئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے وہ وفاقی دارالحکومت جائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے مال روڈ پر دو نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے حوالے سے لوگوں میں پمفلٹس تقسیم کئے اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کرپشن کے خلاف تحریک میں عمران خان کا ساتھ دیں۔ اس موقعے پر کارکنوں نے پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈال کر اپنے جوش و خروش کا بھی مظاہرہ کیا۔
پولیس کی بھاری نفری مال روڈ پر موجودگی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو روک کر اسلام آباد احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے رہے۔
پارٹی کی خواتین نے خاموشی سے کھڑے پولیس اہلکاروں میں بھی پمفلٹ تقسیم کئے اور انہیں تشدد کا راستہ نہ اپنانے کی درخواست کی۔
تحریک انصاف کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں اور رکاؤٹیں انہیں اسلام آباد جانے سے نہیں روک سکتیں۔ انتظامیہ غیر آئینی اقدامات سے گریز کرے۔