خواجہ سعد رفیق کی تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش

اپ ڈیٹ 01 نومبر 2016 09:12am

اسلام آباد:آج نیوز تحریک انصاف اور مسلم لیگ نون کو مذاکرات کی میز پر لے آیا،وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔

ملک کو بڑے نقصان افرا تفری اور انارکی سے بچانے کیلئے آج نیوز نے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے لیڈر شاہ محمود قریشی کو بات چیت کیلئے پلیٹ فارم فراہم کیا۔

آج نیوز کے پلیٹ فارم پر  خواجہ سعد رفیق نے  تحریک انصاف کو بات چیت کی پیشکش کردی۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف کے لوگ جہاں ہیں وہ وہاں رک جائیں ہم شیلنگ روک دیں گے۔

جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بسمہ اللہ کیجیے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت حالات سازگار بنانے کیلئے راستے کھلوائے اور گرفتار کارکنوں کو رہا کرے تو بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

اس پر سعد رفیق نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ راستے کھولے گئے تو مسلح جتھہ اسلام آباد میں گھس جائےگا۔

 شاہ محمود قریشی نے یہ وضاحت پیش کی کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا   پنجاب بڑا صوبہ ہے بڑے بھائی کا کردار ادا کرے ہم سب کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے،تحریک انصاف کے رہنما نے حکومت سے پالیسی میں نرمی کرنے کی گزارش بھی کی۔

جس پر خواجہ سعد رفیق نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی اور کہا بہت تماشا لگ چکا معاملہ بات چیت سے حل ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وہ کوئی ایسا حل نکالنا چاہتے ہیں کہ احتجاج بھی ہو جائے اور کوئی گملا تک نہ ٹوٹے۔

جس پر شاہ محمود قریشی نے پھر یہ کہا کہ تحریک انصاف کا مقصد پرامن احتجاج ہے املاک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔

اس موقع پر  خواجہ سعد رفیق نے ایک اور تجویز پیش کی انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک صاحب کو راستہ دے سکتے ہیں تاہم ان کے ساتھ موجود کارکنان واپس چلے جائیں وہ 2 نومبر کو آسکتے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے آج نیوز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  ایک بار پھر معاملہ مذاکرات سے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا  فیصلے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں ہی ہوں گے۔

ملک اور عوام کو انتشار سے بچانے کیلئے  آج نیوز دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں کو ساتھ بٹھا کر معاملات افہام تفہیم سے حل کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

http://www.dailymotion.com/video/x503fvl

Read Comments