ممبئی:بولی وڈ کے دو بڑے حریف شاہ رخ اورسلمان خان نے گزشتہ کئی برسوں سے کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا ہے،اس کی وجہ دونوں کا بیک وقت سپر اسٹار ہونا ہوسکتا ہے۔
دونوں اسٹارز کے درمیان کافی طویل عرصےسے ایک سرد جنگ جاری ہے،لیکن اب یہ جنگ آہستہ آہستہ ختم ہونی شروع ہو گئی ہے۔
بولی وڈ لائف کے مطابق شاہ رخ ،سلمان خان کی آنے والی فلم 'ٹیوب لائٹ' میں مختصر کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔
دونوں کے درمیان برف پگھلانے کا کام معروف ہدایت کار کبیر خان نے انجام دیا ہے،وہ چاہتے ہیں کہ شاہ رخ ان کی زیر ہدایت فلم 'ٹیوب لائٹ'میں مہمان اداکار کے طور پر مختصر کردار ادا کریں۔
ذرائع کے مطابق شاہ رخ کو دیا جانے والا کردار پہلے معروف اداکارہ سوناکشی سنہا کے والدشتروگھن سنہا ادا کرنے والے تھے،لیکن اب ان کی جگہ کنگ خان یہ کردار نبھائیں گے۔
اگر شاہ رخ اس کردار کو نبھانے پر راضی ہوجاتے ہیں تو تقریباً 9 برسوں بعد دبنگ اور کنگ خان ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے دونوں اداکار فلم'اوم شانتی اوم'،کچھ کچھ ہوتاہے'،'کرن ارجن'اور 'ہم تمہارے ہیں صنم'میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔