دھرنا روکنے کے انتظامات پرعوام کو پہنچنے والی تکلیف پرمعذرت خواہ ہیں،نثار

اپ ڈیٹ 02 نومبر 2016 05:14am

اسلام آباد:وزیرداخلہ چودھری نثار نے  دھرنے کے خاتمے کو سب کی فتح قرار دیتے ہوئے حکومتی انتظامات سے عوام کو پہنچنے والی مشکلات پر اظہار معذرت کیا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے  کہاکہ سیاسی تلخی کا خاتمہ ملک کی جیت ہے،چین کو اچھا پیغام جائے گا، دھرنا روکنے کے انتظامات پر عوام کو جو تکلیف پہنچی اس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو کہاذاتی طورپر قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہوں ،سیاسی گولہ باری سیاسی دشمنی کا روپ لے لے تو عوام دشمنی کے زمرے میں آتا ہے ۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کبھی کسی دھرنے میں رکاوٹ نہیں ڈالی لیکن اگرکوئی گھرپرقبضہ کرنے کی بات کرے تو کیا ردعمل ہونا چاہئے،اپنے لاؤلشکر کے ساتھ دارلحکومت بند کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ عمران سے 44 برس کی دوستی اس کی وعدہ خلافی پر ختم ہوئی ، انہوں نے ریاستی رٹ بحال رکھنے اور شہری حقوق یقینی بنانے پر عدلیہ اور پولیس کو سراہا۔

چودھری نثار کا کہنا تھاکہ جو بات اب عدالت میں طے ہوئی وہ حکومت نے4 ماہ پہلے کہی تھی، سیاسی اختلاف کے فیصلے کا اختیار سپریم کورٹ کو دیا جاچکا ہے۔

انہوں نے صوبائی تعصب کے خاتمہ کی خاطر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے کردار کو سراہا اور کہاکہ اگر بات لاؤ لشکر کی ہوتو وفاق کی طاقت ہمیشہ سب سے زیادہ ہوتی ہے، وزیرداخلہ نے بتایاکہ حالات معمول پر آتے ہی وہ اپنی سرجری کرانے کیلئے چھٹی پر جانے والے ہیں۔

Read Comments