ممبئی :معروف بھارتی ہدایت کار کرن جوہرایک اور مشکل سے دوچار ہوگئے ہیں، ان کی فلم 'اے دل ہے مشکل' حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور فلم میں رنبیر کے ساتھ انوشکا اور ایشوریا رائے بچن نے مرکزی کردار نبھایا ہے تاہم فلم میں ایک موقعے پر بھارت کے لیجنڈ گلوکار رفیق کا تذکرہ آتا ہے جس پر انوشکا تضحیک آمیز جملہ محمد رفیق کیلئے ادا کرتی ہیں۔
اپنے جملے میں انوشکا کہتی ہیں ' محمد رفیع، وہ نہ جو گاتے کم اور روتے زیادہ تھے۔' فلم میں انوشکا علیزے نامی لڑکی کا کردار نبھارہی ہیں۔ تاہم محمد رفیع کے بیٹے شاہد رفیع نے کرن جوہر سے اپنی والد کے متعلق تضحیک آمیز جملے فلم میں شامل کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شاہد رفیع نے کہا ہے کہ ان کے والد لیجنڈ گلوکار تھے جن کو بھارتی عوام نے پینتیس سال بعد بھی اپنی یادوں میں تازہ رکھا ہوا ہے۔
شاہد رفیع کا کہنا ہے کہ وہ کرن جوہر کی فلم نہیں دیکھ سکے ہیں تاہم انہوں نے وہ کلپ ضرور دیکھا ہے۔ شاہد رفیع نے امید ظاہر کی کہ تضحیک آمیز ڈائیلاگ فلم میں شامل کرنے پر کرن جوہر کو اس حوالے سے معافی ضرور مانگنی چاہیئے اور اس طرز کے ڈائیلاگز فلم سے ضرور نکالنے چاہیئے، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اس حوالے سے ان کی ساکھ کو نقصان پہلے ہی پہنچ چکا ہے۔