Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
حب:گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں بحری جہاز میں خوفناک آتشزدگی کے باعث جاں بحق مزدوروں کی تعداد20ہوگئی جبکہ 60سے زائد افراد زخمی ہیں۔
گڈانی میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے،شپ بریکنگ یارڈ میں ناکارہ جہاز کی کٹائی مزدوروں کی جان لیوا ثابت ہوئی،یہ جہاز خام تیل کی باربرداری کیلئے استعمال ہوتا تھا،جہاز میں سے تیل کی صفائی کے ساتھ گیس سلنڈر سے کٹائی کا کام بھی جاری تھاکہ ایک چنگاری نے سلنڈر اور جہاز کو بم کا گولا بنا ڈالا۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ جہاز پر موجود مزدور اور جہاز کے ٹکڑے اڑ کر دور دور جاگرے،کوئی مزدور سمندر میں گرا تو کسی کی لاش ساحل پر پڑی ہوئی ملی۔
جہاز کے ٹینکرز میں موجود تیل نے آگ پکڑ لی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے جہاز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، 36گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی شپ میں آگ پر قابو پایا جاسکا اور نہ اندر موجود دیگر مزدوروں کا سراغ لگ سکا ہے۔
حادثے میں زخمی بیشتر افراد کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا،جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
جاں بحق افراد کی غائبانہ نماز جنازہ گڈانی شپ بریکنگ کے قریب ادا کی گئی،مرنے والوں کے سوگ میں علاقے کی دکانیں اور کاروبار بھی بند رہا۔
بدھ کو دوسرے روز بھی غوطہ خوروں اور ایدھی رضاکاروں کی جانب سے دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع ہوا،کراچی سے بم ڈسپوزل کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچیں،حتیٰ کہ لاپتہ مزدوروں کے اہلخانہ بھی اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کو تلاش کررہے ہیں۔
حکام کے مطابق ،آگ کی نوعیت اتنی شدید ہے کہ اس پر فوری قابو پانا مشکل ہے، فائر فائٹرز کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔