Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور وکلاء کو وزیراعظم اور ان کے بچوں کے بیانات کے تضادات کو سامنے لانے کی ہدایت کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پانامہ لیکس سے متعلق اجلاس میں تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے عمران خان کو پانامہ لیکس کی سماعت پر بریفنگ دی ۔
عمران خان کے وکیل حامد خان نے کیس کی آئندہ سماعت کی تیاری کے حوالے سے عمران خان کو بریف کیا ۔ اجلاس میں وزیر اعظم اور ان کے بچوں کی طرف سے عدالت میں جمع کرائے گئے جوابات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اگلی سماعت تک مے فیئر فلیٹس کے کرائے نامے حاصل کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے بچوں کے بیانات میں واضح تضادات موجود ہیں اور سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کا کیس بہت مضبوط ہے۔ پہلی مرتبہ ایک طاقتور شخص قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ کی طرف لگی ہوئی ہیں اس لیے تحریک انصاف کی تیاری بھرپور ہونی چاہیئے ۔