سپریم کورٹ نے این اے 110کا فیصلہ خواجہ آصف کے حق میں سنادیا

شائع 10 نومبر 2016 10:25am

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 110کا فیصلہ سنادیا ،خواجہ آصف اپنا دفاع کرنے میں کامیاب رہے،پی ٹی آئی کے عثمان ڈارکی درخواست خارج کر دی گئی ۔

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 پر خواجہ آصف کے حق میں فیصلہ سنادیا ،اس حلقے پر پی ٹی آئی کے ناکام امیدوارعثمان ڈار نے خواجہ آصف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا ۔

خواجہ آصف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پیش کئے گئے گواہ پولنگ ایجنٹس تھے،الیکشن ٹربیونل میں کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ۔

عثمان ڈار کے وکیل بابر اعوان بھی2 روز تک اپنے حتمی دلائل میں عدالت کو مطمئن نہ کر سکے تھے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن ختم ہونے کے بعد تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کے پاس ہونا چاہیےلیکن الیکشن کمیشن کے پاس جگہ نہ ہونے کے باعث انتخابی مواد کو مال خانے میں جمع کرایا جاتا ہےاور مال خانے کو تو کوئی بھی وزیر یا حکومتی افسر کھول سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن اصلاحات کمیٹی تمام معاملات پر غور کرے لیکن ان سے بھی کسی نتیجے کی امید نہیں۔18 سال میں مردم شماری نہ کروا کر جمود سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ان کی زندگی میں یہ اسٹیٹس کو ختم ہوتا نظر نہیں آرہا۔

 عدالت نے خواجہ آصف کے خلاف عثمان ڈار کی اپیل خارج کرتے ہوئے حکم دیا کہ آج کا فیصلہ شارٹ آرڈر ہے ۔ درخواست خارج ہونے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں جاری کی جائے گی۔

Read Comments