حب:سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، کالعدم جنداللہ پاکستان کا امیر ہلاک

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2016 07:15am

حب میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم جنداللہ پاکستان کے امیر عارف عرف ثاقب عرف انجم عرف عباس کو ہلاک کر دیا ۔

پاکستان اور بلوچستان ایک عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز بھی مسلسل شدت پسندوں کے خلاف برسر پیکار ہیں،اب سفاک دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں اہم ترین پیشرفت سامنے آئی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے حب میں بڑی کارروائی کی ،اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم جنداللہ پاکستان کا امیر عارف عرف ثاقب عرف انجم عرف عباس ہلاک ہو گیا۔

کالعدم جنداللہ کے مارے گئے سربراہ عارف کی کمیں گاہ سے درجنوں دستی بم، کلاشنکوفیں اور راکٹ برآمد ہوئے ، کارروائی کے دوران دہشت گرد کے ٹھکانے سے ایک ہزار 50 کلو بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ،مارا گیا دہشت گرد عارف کالعدم لشکر جھنگری القاعدہ،داعش اورجماعت الاحرار کیساتھ مل کر دہشت گرد کارروائیاں کرتا رہا جبکہ عارف عرف ثاقب عرف انجم عرف عباس کراچی،سندھ اور بلوچستان میں متعدد خودکش حملوں کا ماسٹرمائنڈ تھا۔

Read Comments