Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
خضدار:بلوچستان کےعلاقے خضدار میں درگاہ شاہ نورانی پرخودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 52ہوگئی ہے،مرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
خضدار میں شاہ نورانی کے مزار پر خود کش دھماکے کے بعد فضا سوگوار ہے ۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، حملہ آور نے نماز مغرب کے وقت خود کو دھماکے سے اڑایا ،زور دار دھماکا ہوا اور قیامت صغرٰی برپاہوگئی،جائے وقوعہ پر دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے،جہاں نظرپڑی انسانی لاشیں اوراعضاء نظر آئے۔
دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کارکنوں کو پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ گئے، جس کی وجہ سے زخمی بروقت طبی امداد نہ ملنے پر جاں بحق ہوگئے ۔
پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار اور میڈیکل ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پہنچیں اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
زخمیوں کو خضدار اور حب کے اسپتالوں جبکہ شدید زخمیوں کو کراچی متنقل کیا گیا۔دھماکے سے متاثر ہونے والوں میں اکثریت کا تعلق کراچی سے ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آورنوجوان تھا،اعضا ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے روانہ کردیئے۔
کمانڈنٹ آواران ملیشیا جنید اکبر نے کہا کہ دھماکا خودکش تھا،ابتدائی رپورٹ کے مطابق ،دھماکے میں بال بیرنگ بھی استعمال کئے گئے، امدادی کارروئیاں مکمل کر کے مزار کو سیل کردیا گیا ہے۔