Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
گوادر:وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئی صوبہ سی پیک کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔
وزیرعظم نوازشریف نے گوادر میں سی پیک کے پہلے تجارتی پائلیٹ پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔
اس سے قبل پراجیکٹ کے افتتاح کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں وزیراعظم ، وزیردفاع، وزیراعلیٰ بلوچستان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان اور چینی گلوکار نے اپنی اپنی زبان میں ایک ساتھ گیت گاکر دونوں ممالک کی دوستی کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا، سی پیک منصوبہ ایک حقیقت بننے جارہا ہے جس سے ناصرف بلوچستان اور پاکستان بلکہ خطے کے 3 ارب لوگوں کی قسمت بدل جائےگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر اقتصادی راہداری منصوبے کے سر کا تاج ہے،انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے پاکستان کیلئے ہے کوئی صوبہ اس سے محروم نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے خطے پر مواقعوں کی بارش کردے گا،ہم پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک لےکر جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شاہ نورانی مزار پر ہونے والے سانحے نے دکھی کردیا، ایسے بزدلانہ حملہ ہمیں دہشت گردی کیخلاف کارروائی سے نہیں روک سکتے،سی پیک کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے راہداری منصوبے میں اہم کردار اداکرنے پرایف ڈبلیو او پاک فوج بالخصوص آرمی چیف کی تعریف کی۔تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو سوینیئر بھی پیش کیا۔