شائع 14 نومبر 2016 08:18am

اداکارہ نور کا ولی حامد خان سے شادی کا اعتراف

لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کی اداکارہ نور نے گلوکار ولی حامد خان سے شادی کا اعتراف کرلیا ہے۔

انھوں نےاتوار کے روز پاکستانی نجی چینل پر اپنی شادی کا اعتراف کیا۔ اپنی شادی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے گلوکار ولی حامد خان سے 2014 میں شادی کی تھی لیکن اپنی شادی کو انھوں نے خفیہ رکھا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ولی سے ان کی ملاقات فلم 'عشق پازیٹیو' کے سیٹ پر ہوئی اور وہیں سے پسندیدگی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

اداکارہ نور اور ولی کو کئی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا جس کی وجہ سے یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ ان دونوں کے درمیان رشتہ دوستی سے زیادہ ہے۔

ان تمام افواہوں کا جواب دیتے ہوئے ادکارہ نور نے اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ وہ اپنی شادی کی خبر دینے کے لئے صحیح وقت کا انتظار کررہی تھیں۔ دو سالوں میں وہ ولی کو اچھی طرح سمجھ چکی ہیں اسی لئے اب اپنی شادی کا اعلان کررہی ہیں۔

بشکریہ: برانڈ سینیریو

Read Comments