پاؤں کے انگوٹھے کی ہڈی کا بڑھ جانا عام مسئلہ بن چکا ہے۔ یہ ہڈی اچانک سے واضح طور پر نظر آنے لگتی ہے جس کی وجہ سے آپ کو جوتے پہننے میں دقت کا سامنا ہوتا ہے۔
پاؤں کے انگوٹھے کی ہڈی کا بڑھ جانا 'گٹا' کہلاتا ہے۔ ہڈی اس وقت بڑھتی ہے جب پاؤں کے ٹیشوز اپنی جگہ سے ہلنے لگتے ہیں۔ جب آپ اپنا پاؤں ٹھیک طرح سے زمین پر نہیں رکھتے یا پھر اپنے پاؤں کے لئے صحیح جوتوں کا انتخاب نہیں کرتےتو اس سے آپ کے پاؤں کے انگوٹھے کی ہڈی بڑھ جاتی ہے۔
ہڈی کے بڑھ جانے سے چلنے پھرنے اور جوتے پہننے میں مشکل ہونے لگتی ہے۔ چونکہ ہم چلتے ہوئے اپنا سارا وزن اپنے پاؤں پر دیتے ہیں اسی وجہ سے جسم کا سارا دباؤ پیروں پر ہوتا ہے اور اس سے آپ کے پاؤں میں تکلیف مزید بڑھ جاتی ہے۔
اکثر ہڈی کے بڑھنے کی وجہ خاندانی ہوتی ہے،ہڈی کا بڑھنا نسل در نسل چلتا آرہا ہوتا ہے۔ اس کی دوسری وجہ غیر معیاری جوتے بھی ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جیسے ہی عمر بڑھنے لگتی ہے تو مردوں کی بانسبت خواتین کے پاؤں کے انگوٹھے کی ہڈی بڑھنے لگتی ہے۔
کوشش کریں کہ جوتے خریدتے ہوئے اچھے اور معیاری جوتوں کا انتخاب کریں۔ غیر معیاری جوتے آپ کے پاؤں کی نہ صرف شکل خراب کردیتے ہیں بلکہ اس سے ہڈی کے بڑھ جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔
وہ خواتین جو اونچی ہیلز والے سینڈلز پہنتی ہیں، ان کے پاؤں کی ہڈی بڑھنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ تنگ جوتوں سے بھی ہڈی بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
اگر آپ کو اپنے پاؤں کے انگوٹھے کی ہڈی بڑھتی ہوئی محسوس ہو تو آپ فوراً اپنے معالج سے رابطہ کریں۔
یہ کوئی خطرناک مرض نہیں ہے سرجری کے بعد اس ہڈی کا خاتمہ ممکن ہے۔مگر احتیاط ضروری ہے اس لئے اگر سرجری سے بچنا چاہتے ہیں تو بروقت علاج کروائیں۔
نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات کے لئے ہے، اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کرلیں۔
بشکریہ: مایو کلینک