ممبئی:بولی وڈ میں رومانوی کرداروں کیلئےمشہورکنگ خان کے ساتھ کام کر نے کے باوجود رومانس کا موقع نہ ملے تو کسی کو بھی افسوس ہوگا لیکن اداکارہ عالیہ بھٹ کو اس پر کوئی افسوس نہیں ہے۔
عالیہ کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ 'اس فلم میں رومانس کا کوئی موقع نہیں تھا اور عمر میں فاصلے کی وجہ سےروایتی محبت کی کہانی بھی نہیں بن سکتی تھی۔ لیکن آگے موقع ملا تو میں شاہ رخ کے ساتھ رومانوی کردار ضرور کرنا چاہوں گی۔'
ذاتی طور پر شاہ رخ کی زندگی سے متاثر عالیہ کہتی ہیں کہ 'شاہ رخ خان اور میرے سوچنے سمجھنے کا طریقہ بالکل ایک جیسا ہے۔ انھیں فلم انڈسٹری میں 25 سال ہو گئے ہیں، لیکن آج بھی وہ شاہ رخ خان ہونے کا بوجھ نہیں اٹھاتے۔ اپنی حد سے باہر جاکر وہ اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرتے ہیں، ان کا یہی سلوک انھیں سپرا سٹار بنا دیتا ہے۔'
کنگ خان سے ہونے والی اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے عالیہ بتاتی ہیں: 'تقریباً 11-12 برس کی عمر میں اپنے والد مہیش بھٹ کے کچھ قریبی دوستوں کے ساتھ شاہ رخ کے گھر گئی تھی۔ وہاں سینڈوچ کھاتے کھاتے جب شاہ رخ پر نظر پڑی تو بس دیکھتی ہی رہ گئی۔'
واضح رہےکہ مہیش بھٹ عالیہ کو اپنی بڑی بیٹی پوجا بھٹ سے بہتر اداکارہ بتا تے ہیں۔
اس بارے میں ایک سوال کے جواب میں عالیہ کا کہنا تھا کہ 'میں پوجا سے بہتر اداکارہ ہو سکتی ہوں، لیکن ان جیسی خوبیاں مجھ میں نہیں ہیں۔ وہ بڑی فنکار ہیں، فلمساز اور ہدایت کارہ بھی ہیں، جو میں کبھی بھی نہیں بن پاؤں گی۔ وہ مجھ سے دس گنا بہتر ہیں۔'
عالیہ کے مطابق وہ مستقبل میں پروڈیوسر ضرور بننا چاہیں گی۔
خیال رہے کہ گوری شندے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ڈئیر زندگی' میں شاہ رخ خان نے عالیہ بھٹ کے لائف کوچ کا کردار کیا ہےفلم 25 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔
بشکریہ:بی بی سی اردو