لاہور:ہربنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موت کی آغوش میں چلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق قسمت بیگ ہربنس پورہ میں واقع اپنے گھر جا رہی تھیں کہ ان کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی،جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں ۔
بعدازاں اداکارہ کو زخمی حالت میں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موت کی آغوش میں چلی گئیں۔
واقع کیخلاف فنکار برادری کی جانب سے مال روڈ کو بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،پولیس نے اداکارہ کے لواحقین کو5روز میں ملزموں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا،تاہم قسمت بیگ کے ورثاءکا کہنا تھا کہ اگر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو دوبارہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صوبائی دارالحکومت میں سائنس کالج کے پروفیسر کو سڑک پر سرعام قتل کیا گیا تھا جبکہ ملت پارک میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ان واقعات کے بعد پنجاب پولیس محض دعوے کرتی ہی نظر آ رہی ہے جس کے باعث شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔